سرسبز پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: سعید الحسن
لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ صاف اور سرسبز پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا ہے۔ ماہ اپریل سے پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں صفائی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں صوبہ بھر میں دس لاکھ پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب میں 18 مارچ سے ہفتہ صفائی و شجرکاری کا آغاز کر رہے ہیں جس کے دوران یونین کونسل کی سطح تک صفائی اور شجرکاری کی مہم چلائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت شہروں اور دیہات کو برابر صاف دیکھنا چاہتی ہے۔