کوشش ہے، جیلیں عقوبت خانے نہیں، دارالاصلاح بنیں: ملک مبشر احمد خان
ننکانہ(نامہ نگار)کوشش ہے، جیلیں عقوبت خانے نہیں، دارالاصلاح بنیں۔ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی جیل خانہ جات لاہو ر ، راوالپنڈی ریجن ملک مبشر احمد خان نے ننکانہ میں جیل کی تعمیر کے لیے مجوزہ جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے ڈی آئی جی ملک مبشر احمد خان کو بریفنگ دی۔ملک مبشر احمد خان نے کہا کہ ننکانہ کو ضلع کا درجہ ملنے کے ڈسٹرکٹ جیل کی تعمیر انتہائی ضروری ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ جیل سے روزانہ قیدیوں،حوالاتیوں کو پیشی کے لیے ننکانہ، شاہکوٹ اور سانگلہ ہل لانے لے جانے پر بھاری اخراجات اٹھتے ہیں،وقت اور سیکورٹی مسائل کے ساتھ ساتھ قیدیوں، حوالاتیوں کے لواحقین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑتاہے۔جیل کی تعمیر سے مسائل حل ہو جائیں گے۔