کرائسٹ چرچ میں جو دیکھا فلم کا منظر لگاکئی کھلاڑی رو پڑے: بنگلہ دیشی ٹیم
ڈھاکہ (نیٹ نیوز) نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جو دیکھا وہ کسی فلم کا منظر لگتا تھا۔ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے منیجر خالد مشہود نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملے کے وقت وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی مسجد سے صرف 5 گز کے فاصلے پر تھے۔ اگر 3 منٹ پہلے بھی مسجد پہنچے ہوتے تو ان کا بچ نکلنا ناممکن تھا۔ معمولی سا فاصلہ ان کی جان بچانے کا باعث بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جودیکھا وہ کسی فلم کا منظر لگتاتھا جبکہ کچھ کھلاڑی وہ منظر دیکھ کر رو پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے 17 افراد 8 سے 10 منٹ تک بس میں اپنا سر نیچے کئے بیٹھے رہے تاکہ کوئی گولی انہیں نہ لگ جائے۔ پھر سب نے مل کرفیصلہ کیا کہ شوٹر انہیں نشانہ بنا سکتا ہے۔ بہتر ہے کہ یہاں سے بھاگ نکلیں۔ کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا کہ مسجد جاتے وقت بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کوئی سکیورٹی اہلکار نہیں تھا۔