سعودی عرب: یمن کو 2 ارب ڈالر حو الے کیے جانے کے معاہدے پر دستخط
ریاض (اے پی پی) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے سعودی عرب کی جانب سے یمن کے مرکزی بینک میں دو ارب ڈالر کی رقم جمع کرانے کی خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔ان ہدایات پر عمل کے سلسلے میں ریاض میں سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان اور یمن کے مرکزی بینک کے گورنر محمد بن منصور زمام نے مذکورہ رقم کے حوالے کیے جانے سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ بات سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتائی۔سعودی وزیر خزانہ نے باور کرایا کہ یہ معاہدہ برادر یمنی عوام کے لیے مملکت کی امداد کی ایک کڑی ہے۔ اس طرح یمن کے مرکزی بینک کو پیش کی جانے والی مجموعی رقم تین ارب امریکی ڈالر ہو گئی ہے۔ سعودی وزیر کے مطابق یہ سپورٹ برادر ملک یمن کی مالی اور اقتصادی حالت کو مضبوط کرے گی۔ بالخصوص یمنی ریال کی قدر میں استحکام آئے گا اور یمنی شہریوں کے معاشی حالات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔