سٹیل ملز سندھ دھرتی کا اثاثہ، فروخت نہیں ہونے دینگے: رہنما فنکشنل لیگ
کراچی(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار رحیم نے کہا ہے کہ سٹیل ملز کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے جو اسے ہڑپ کر جائے یہ پاکستان بالخصوص سندھ دھرتی کے عوام کا اثاثہ ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو سٹیل ٹاؤن میں فنکشنل لیگ کے رہنما حبیب راجپر کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سردار رحیم کا کہنا تھا کہ فنکشنل لیگ سٹیل ملز ملازمین کو تنہا نہیں چھوڑے گی سٹیل ملز کو بچانے کی جدوجہد میں ہم ملازمین کے شانہ بشانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عاقبت نااندیش اور کرپٹ حکمران سٹیل ملز جسے بڑے ادارے کو مفت کا مال سمجھ کو فروخت کرنے میں لگے ہوئے ہیں ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دینگے۔ سٹیل ملز ملازمین کے مسائل سندھ اسمبلی سمیت ہر فورم پر اْٹھائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سٹیل ملزملازمین کا مسئلہ حل کراکر دم لینگے۔