عمران خان کیخلاف ہرجانہ کے دعوی کی سماعت ملتوی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسیم رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف دس ارب روپے ہر جانہ کے دعوی کی سماعت بغیر کسی کاروائی کے 24مارچ تک ملتوی کر دی ۔راولپنڈی سے مسلم لیگ ن کے سابق ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین میٹرو بس حنیف عباسی نے دھرنے اور سیاسی جلسوں میں منشیات فروش کہنے اورسیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر عمران خان کیخلاف ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ہفتہ کو دوران سماعت حنیف عباسی کی جانب سے تنویر اقبال ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ پیش کرتے ہوئے تیاری کے لیے وقت طلب کیا جس پر سماعت ملتوی کر دی ۔ واضع رہے کہ سابق ایم این اے کیخلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں بھی تنویر اقبال ایڈووکیٹ انکے وکیل ہیں ۔