بوائز ہائی سکول مورت کی تقریب ، چیئرمین یوسی جنگل کو با ضا بطہ دعوت نہیں ملی
فتح جنگ (نامہ نگار ) علاقہ کی معروف سماجی شخصیت وچیئر مین یونین کونسل جنگل حاجی اعظم پسوال نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مورت میں حلقہ کے منتخب رکن وصوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریب کے موقع پر انہیں باضابطہ دعوت نہ دیئے جانے کے اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر کا یہ طریقہ کار پارٹی کو سخت نقصان پہنچا نے کا سبب بن سکتا ہے انہوں نے کہاکہ بوائز ہائی سکول مورت اگرچہ حکومت پنجاب کا تعمیر کردہ ہے لیکن علاقہ کے طلباء کی ضرورت کے پیش نظر متذکرہ سکول کی توسیع کیلئے نئے امتحانی ہال اور کمرہ جات کی تعمیر کیلئے انہوں نے ذاتی طور پر 52لاکھ روپے خرچ کیئے اسکے علاوہ بھی علاقہ میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن عملی تعاون کیلئے روشن مثالیں قائم کیں تاہم صوبائی وزیر نے نہ جانے کس منطق کے تحت متذکرہ سکول میںمجھے اور دیگر منتخب نمائندگان کو اعتماد میں لیئے بغیر ایسا پروگرام مرتب کیا جس میں اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کرنا اپنی تضحیک خیال کیا اور انہوں نے بھی صوبائی وزیر سمیت دیگر منتظمین کے اس نامناسب رویہ کی پرزور مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے چوہدری نثار علی خان کی وساطت سے ہم نے جس قدر بھی خدمات سر انجام دی ہیں وہ اپنے شاندا ر ریکارڈ کی زندہ مثال کے طور پر ہر جگہ موجود ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان کی انتخابی مہم کے دوران ہم نے اپنے جانثار ساتھیوں کی معاونت سے جو تن من دھن قربان کیا تھا آج اسکا صلہ جس منفی انداز میں انہوں نے ہمارے علاقہ کی عوام کو دیا اس طرز عمل کوہم زندگی بھر یادرکھیں گے چیئر مین حاجی اعظم پسوال نے کہا ہمیں کسی اعزاز کی خواہش ہے نہ کسی صلہ کی تمنا بلکہ ہم نے خدا تعالی کی خوشنودی اور مخلوق خداکی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں سمیت دیگر تمام شعبوں میں قابل قدر معاونت کی لیکن حوصلہ افزائی کے بجائے ہماری حوصلہ شکنی کیلئے جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ یونین کونسل جنگل کی عوام اور مخلص پارٹی رہنمائوں کی پرخلوص خدمات پر پانی پھیرنے کے مترداف ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے شہید بیٹے کے ایصال ثواب کیلئے 52لاکھ روپے کی خطیر رقم سے ہائی سکول مورت میں ایک خوبصورت کشادہ ہال اور کمرہ جات تعمیر کروائے اور محکمہ تعلیم پنجاب کی ہدایات کے مطابق نوتعمیر شدہ ہال میں میرے شہید بیٹے حسنین اعظم کی تصویر آویزاں کی گئی انہوں نے کہا کہ دکھ اور افسوس کا مقام یہ ہے اپنی ہی حکومت کے اپنے ہی صوبائی وزیر کی ایما پر ہال میں نصب میں میرے بیٹے کی تصویر کو بھی اتروا دیا گیا جس پر علاقہ کی عوام نے متذکرہ تقریب میں شرکت کو اپنی تذلیل سمجھتے ہوئے گھر بیٹھنے کو ترجیح دیکر تقریب کا بائیکاٹ کیا حاجی اعظم نے صوبائی وزیر کے اختیار کردہ عمل سے دل برداشتہ ہو کر تقریب میں شرکت نہ کرنے والے غیرت مند اصحاب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا انہوں نے میں ایسے تمام باوقار روشن ضمیر اصحاب کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایسے تذلیلی ماحول کے سامنے سر جھکانے سے انکار کردیاحاجی اعظم نے مزید کہا کہ چوہدری نثار علی خان کی خصوصی مہربانی اور شفقت سے تعمیر ہونے والی پسوال لنک روڈ جو کہ میرے شہید بیٹے حسنین اعظم کے نام سے منسوب ہے مذکورہ سڑک اور نام بھی بعض نام نہاد سازشیوں کو برداشت نہیں ہورہا لیکن حلقہ کی عوام انکے اس منفی طرز عمل کو بخوبی جان چکے ہیں ۔