نئی حلقہ بندی سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ،ملک اسلم اعوان سیتھی
تلہ گنگ ( نامہ نگار) مسلم لیگ ن ضلع چکوال کے بزرگ رہنما اور اعوان و یلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی صدر ملک محمد اسلم اعوان سیتھی نے کہا ہے کہ آنے والے قومی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نے فیصلہ کیا تو ان کے صاحبزادے ملک تنویر اسلم اعوان صوبائی حلقہ پی پی 23 چکوال 3 سے الیکشن لڑیں گے انہوں نے کہا نئی حلقہ بندی سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ،اس حلقہ میں قبل ازیں میں خود بھی دو مرتبہ الیکشن لڑ چکا ہوں،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد اسلم اعوان نے کہا حلقہ بندی پر ہماری طرف سے اعتراض دائر نہیں ہو گا ،پرانا حلقہ بحال کیا جائے یا مجوزہ حلقہ بندی برقرار رکھی جائے ہمیں کچھ فرق نہیں پڑے گا ، دونوں صورتوں میں عوام کی حمایت ہمیں حاصل ہو گی، حلقہ کے گائوں گائوں اور قریہ قریہ میری عوام سے شناسائی اور لوگوں سے اچھے سیاسی اور سماجی رشتے قائم ہیں بطور صوبائی وزیر تنویر اسلم اعوان کی کارکردگی سے سب واقف ہیں ہم بتیس سالوں سے عملی سیاست میں ہیں اور ضلع چکوال کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں ۔