سینٹ قواعد کے مطابق شیری رحمان اپوزیشن لیڈر بن گئیں، نوٹیفکیشن اگلے ہفتے ہوگا
اسلام آباد (عترت جعفری) پی پی پی کی رہنما شیری رحمان سینٹ قواعد کے مطابق ایوان میں قائد حزب اختلاف بن گئی ہیں تاہم اس کے رسمی نوٹیفکیشن کا اجراء نہیں ہوا جو آئندہ ہفتہ کے دوران کسی وقت بھی جاری کر دیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے شیری رحمان نے چیئرمین سینٹ کو 33 سینیٹرز کے دستخط کے ساتھ درخواست دی تھی۔ سینٹ کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس 2012 ء رول 16 کے تحت چیئرمین اس سینیٹر کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نوٹیفائی کریں گے جن کے پاس اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز کی اکثریت کی حمایت حاصل ہو۔ پی پی پی پی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا شیری رحمان نے 33 سینیٹرز کے دستخطوں سے جو درخواست چیئرمین سینٹ کو دی وہ قانونی ہے۔ دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے موجودہ قاعدہ سے قبل چیئرمین سینٹ کے پاس اختیار تھا وہ ’’جائزہ‘‘ لیں کس کے پاس اپوزیشن سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے اور چیئرمین ان کو قائد حزب اختلاف کے طور پر نوٹیفائی کر دیتے تھے تاہم نئے قائدہ میں اکثریت کی حمایت کو لازمی کردیا گیا۔ پی پی پی کے ذرائع نے کہا چیئرمین سینٹ نے پی پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری سے گزشتہ روز ملاقات بھی کی جس میں اس معاملہ پر بات چیت بھی ہوئی۔ پی پی پی پی نے کہا شیری رحمان کے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔ اس منصب کے لئے امیدوار کو 34 یا اس سے زائد سینیٹرز کی حمایت کو دستخط کے ساتھ ظاہر کرنا پڑیگا جو اب ممکن نہیں ہے۔