مسقط‘ یونان سے ڈیپورٹ 55پاکستانی گرفتار‘ 67تفتان انتظامیہ کے حوالے
لاہور، کوئٹہ (خبرنگار+اپنے نامہ نگار سے+ بیورو رپورٹ) مسقط سے ملک بدر ہوکر لاہور آنے والے 49پاکستانیوں کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز ایئربلیو کی پرواز سے مسقط سے لاہور آنے والے 71مسافروں سے انسپکٹر ایف آئی اے امیگریشن رفعت شریف نے پوچھ گچھ کی تو پتہ چلا کہ 49افراد پاکستان سے مختلف اوقات میں متحدہ عرب امارات جائز اور ناجائز دونوں طریقوں سے پہنچ کر غیرقانونی سرحد عبور کرکے مسقط پہنچے تھے‘ جہاں گرفتار ہوئے تو انہیں ایمرجنسی کاغذات پر واپس بھیجا گیا۔ ملزمان کو مزید تحقیقات اور اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ پاسپورٹ سرکل بھجوا دیا گیاجبکہ 22افراد نے اعتراف کیا کہ وہ براستہ سمندر لانچوں کے ذریعے غیرقانونی طور پر مسقط پہنچے تھے جس پر انہیں بھی اندراج مقدمہ کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر پاسپورٹ سرکل چودھری احمد کے حوالے کر دیا گیا۔اپنے نامہ نگار کے مطابق یونان سے بے دخل کیے گئے6 پاکستانیوں کو گلف ائر کی پرواز 764 پر یونان سے لاہور بھجوادیا گیا ۔ لاہور ائر پورٹ پر مذکورہ ملزموں کو حراست میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد جیل بھیج دیا گیا۔ ان ملزموں کو کل سپیشل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ گرفتار ملزموں نعیم ،صدیق بلوچ، کامران عنایت، عتیق الرحمان، طیب، شمس پرویز کو کل 19 مارچ کو سپیشل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔بیورو رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے بغیر دستاویزات کے 67پاکستانیوں کو گرفتار کرکے تفتان انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔ پاکستانی مندبلو کے راستے لاکھوں روپے دے کر مختلف ایجنٹوں کے ذریعے روزگار کی تلاش میں ایران سے یونان کے راستے یورپ جانا چاہتے تھے مگر قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔ تفتان لیویز نے تمام پاکستانیوں کو لیویز تھانہ میں بند کرکے تفتیش شروع کر دی۔