نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا، خدمات ناقابل فراموش ہیں : وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر
لاہور /رائیونڈ (این این آئی)وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے نواز شریف کی خدمات کو فراموش نہیںکیا جاسکتا ،نواز شریف نے ملک میں بے پناہ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا،پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ،ملکی ترقی مضبوط سیاسی استحکام سے منسلک ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ویلیو ایڈیشن سے مصنوعات کا معیار بلند ہوگا اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ بھی بڑھے گی۔ملک میں مایوسی کے دریاعبور کرنے کے بعد امن بحال ہوا ہے جس میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اپنے لہو سے اس ملک کی بقاء کی جنگ لڑی اور اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے آنیوالی نسلوںکو پرامن پاکستان دیا ہے آج ملک اندھیروں سے نکل چکا ہے۔ نواز شریف نے جب اقتدار سنبھالا تھا تو اہم مسائل درپیش تھے جن میں سب سے پہلے دہشت گردی اور دوسرا توانائی کا بحران تھا آج وطن عزیز کو ان دونوں مسائل سے چھٹکارا مل چکا ہے۔ چاروں صوبوں میں خوشحالی کا دور دورہ ہے۔ صنعتکار اور سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ۔