مولانا فضل الرحمن آج کوٹ ادو میں نظام مصطفیٰؐ کانفرنس سے خطاب کرینگے
ملتان، کوٹ ادو، مظفر گڑھ (نامہ نگار خصوصی، خبر نگار، نامہ نگار) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ’’نظام مصطفیٰؐ کانفرنس‘‘ آج کوٹ ادو میں منعقد ہوگی۔ ملتان جامعہ قاسم العلوم سے درجنوں بسوں کا قافلہ آج 11:30 بجے دن مولانا حبیب اکبر ، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا غلام مصطفیٰ فردوسی کی قیادت میں کوٹ ادو کیلئے روانہ ہوگا۔ نظام مصطفیٰ کانفرنس کی صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کرینگے اور کلیدی خطاب کرینگے۔ مظفر گڑھ، کوٹ ادو سے خبر نگار، نامہ نگار کے مطابق انتظامات مکمل کر لئے گئے جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور پینافلیکس سے سجا دیا گیا۔ مولانا فضل الرحمن دوسرے پارٹی رہنماوں کے ساتھ آج 1 بجے دن میونسپل سٹیڈیم کوٹ ادو میں نظام مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ میونسپل سٹیڈیم میں سٹیج بھی تیار کر لیا گیا ہے جہاں پر پینافلیکس بھی لگا دیئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں استقبالیہ دیوقامت پینافلیکس بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔