پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی ‘ کامران اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کا امکان مسترد
لاہور(نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کامران اکمل کی ٹیم میں شمولیت کا امکان مسترد کردیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کی ضرورت نہیں۔ پی ایس ایل میں کامران اکمل کی عمدہ کارکردگی اور ٹیم میں واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کامران اکمل کی قومی سکواڈ میں شمولیت کے امکانات کو مسترد کردیا۔مکی آرتھر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں ٹیم میں بڑی تبدیلی نہیں دیکھ رہا، کامران اکمل یقینا پی ایس ایل میں اچھا کھیلے، مگر ہمیں آگے دیکھنا ہے، مکی آرتھر نے سوال اٹھایا کہ اگر کامران اکمل کو ٹیم میں شامل کیا تو کس نمبر پر بیٹنگ کرینگے اور کہاں فیلڈنگ کرینگے۔