حافظ آباد: کچرے کے ڈھیر سے 5 سالہ بچے کی بوری بند نعش برآمد‘ بدفعلی کے بعد قتل کیا گیا: اہلخانہ
حافظ آباد (صباح نیوز) حافظ آباد میں کچرے کے ڈھیر سے5 سالہ بچے کی بوری بند نعش برآمد ہوئی ہے۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچے کو بد فعلی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہونے والی 5 سالہ بچے کی نعش کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی ہے۔ پانچ سالہ شہروز کل دوپہر سے لاپتہ تھا۔ اہلخانہ نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے تلاشی لینی شروع کی تو کچرے کے ڈھیر سے بچے کی بوری بند نعش برآمد ہوئی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے بچے کو بدفعلی کے بعد ہاتھ پائوں باندھ کر بیدردی سے قتل کرکے بوری میں بند کرکے پھینک دیا گیا۔پولیس نے شہروز کے ساتھ زیادتی کے شبہ اور قتل کے الزام میں دومشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ مقتول شہروز چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، نعش دیکھ کر اہل خانہ پر غشی کے دورے پڑنے لگے جبکہ علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔