بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کاقومیٹیم کیلئے ایک کروڑ ٹکا انعام کا اعلان
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈنے سری لنکا میں سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں پہنچنے پر ایک کروڑ ٹکا کا اعلان کردیا ۔ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے کہا کہ ٹیم نے اگر ٹورنا منٹ جیت لیا تو مزید انعام کا بھی اعلان کرینگے ۔ یہ انعام صرف فائنل میں پہنچنے پر دیا گیا ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ہمارے سی ای او سے رابطہ کیا ہے اور ڈریسنگ روم کے شیشے توڑنے کے حوالے سے شکایت کی ہے ۔ یقینا ڈریسنگ روم کے شیشے ہمارے کھلاڑیوں نے توڑے ہونگے اس سلسلہ میں تحقیقات کر رہے ہیں کہ ذمہ دار کون ہے ۔ یہ افسوسناک واقعہ ہے اور کھلاڑیوں کو ایساہر گز نہیں کرنا چاہئے تھا۔