خالد اشرف خان ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر، عثمان بھٹی جنرل سیکرٹری منتخب
ملتان (سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ کے خالداشرف خان صدراورملک محمدعثمان بھٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں۔اس سلسلے میں گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں الیکشن بورڈ کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پرپروفیشنل گروپ کے خالداشرف خان2583 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ مدمقابل سابق صدرہائیکورٹ بارسید اطہرحسن شاہ بخاری نے1237ووٹ حاصل کئے ہیں۔ نائب صدر کے عہدے پرمحمدعقیل یوسف بھٹی 1276 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے جبکہ مدمقابل امیدواررانااعجازاحمدطورنے 1266 اورڈاکٹراشرف علی قریشی نے1259 ووٹ حاصل کئے ہیں۔جنرل سیکرٹری کے عہدے پرملک محمدعثمان بھٹی نے1118 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ان کے مقابلے میں امیدواروں میاں محمدارشدوقاص چھجڑ انے 1030،محمدوسیم خان جسکانی نے699،محمدفیصل بشیرچوہدری نے683 اورراجہ خالداصغرنے410 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ فنانس سیکرٹری کے عہدے پرناصرالدین محمود غزلانی نے2105 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور ان کے مدمقابل امیدوار میاں محموداحمد انصاری نے1521ووٹ حاصل کئے جبکہ لائبریری سیکرٹری کے لئے سیدہ میمونہ بتول بخاری نے2343ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور مدمقابل امیدوارثریاایازراؤ نے 1447 ووٹ حاصل کئے ہیں۔اس طرح انتخا بی نتا ئج کے اعلان ہوتے ہی کامیاب امیدواروں کو ان کے حامیوں نے کندھوں پر اٹھا لیا او رپھولوں کے ہار پہنائے جبکہ نعرے بھی لگائے گئے اس موقع پرحامی سینئر وکلاء کو بھی کندھوں پر اٹھا لیا گیااور انتخابی نتائج کا اعلان ہوتے ہی امیدواروں کے حامیوں کی جانب سے ڈھول بجوائے گئے اوربھنگڑے ڈالے گئے نیز اس موقع پر کامیاب امیدواروں کو پھولوں سے لاد دیاگیا۔ دریں اثناء ایگزیکٹو باڈی کی 7 نشستوں پر حاجی دلبر خان مہار 2739‘ ملک خلیل ممرا 2475‘ عتیق الرحمان 2250‘ محمد اسلم راؤ 2199‘ میاں طاہر اقبال 2108‘ ملک صبغت الحسنین سپرا 1961‘ شمس الحق خان 1925 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں۔ دریں اثناء خالد اشرف خان کی فتح کا اعلان ہوتے ہی ہائیکورٹ بار میں وکلاء کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ وکلاء نے خالد اشرف خان پر پھولوں کی بارش کر دی۔ اس دوران وکلاء نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے اور مسلسل والہانہ رقص کرتے رہے۔ نومنتخب صدر خالد اشرف خان نے اپنی فتح کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ رول آف لاء کے لئے ہر قربانی دینگے۔ ملتان سے کچہری کی منتقلی نامنظور کی تھی اور آئندہ بھی کچہری کو منتقل نہیں ہونے دیں گے۔ وکلاء برادری کے حقوق اور وقار کا تحفظ اولین فرض ہے۔ کالے کوٹ کے تقدس اور حرمت کے لئے اپنی جان لڑا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے آج وکلاء کو تقسیم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ آج فیصلہ ہو گیا ہے کہ وکلاء کے حقوق کے منافی کام کرنے والوں کے لئے اب کوئی جگہ باقی نہیں ہے۔ وکلاء کا مفاد اب سب سے پہلے سامنے رکھا جائے گا۔ بار اور بنچ ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ بزرگ اور سینئر وکلاء کے احترام کو بحال اور ان کی فلاح کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ نوجوان وکلاء کے لئے فوری اور مؤثر پالیسیاں لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف گروپ کی سازشوں سے نہ صرف وکلاء کا معیار متاثر ہوا بلکہ بنچ سے بھی فاصلے بڑھ گئے تھے لیکن اب آئندہ کے لئے مثالی فضا قائم کی جائے گی۔