ریلویز اور این ایل سی برسوں سے ایک ساتھ کام کررہے ہیں ، سعد رفیق
اسلام آباد(خبر نگار)نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی ) نے پاکستان ریلویز کے ساتھ کاروباری تعلقات کو قابلِ فخر قرار دیاہے اور گندم کی ٹرانسپورٹیشن اور ڈرائی پورٹس کے آپریشنز سمیت مختلف امور اور شعبوں میں ورکنگ ریلشن شپ بڑھانے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔ نیشنل لاجسٹکس سیل کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مشتاق احمدفیصل کی سربراہی میں این ایل سی حکام کے ایک اعلیٰ سطح کے وفدنے ریلوے ہیڈکوارٹرزلاہور میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کی ، ملاقات میں چیئرپرسن پاکستان ریلویز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمدجاوید انور ، مشیر ریلویز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز اور نیشنل لاجسٹکس سیل ملک بھرمیں کئی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ہم دونوں قومی اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ اور استحکام دیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے ، این ایل سی کے تعاون سے سبی ہرنائی سیکشن کو بحال کررہاہے ۔ اس سیکشن پر دس برس پہلے علیحدگی پسندوں نے کارروائیاں کرتے ہوئے پل اور ٹریک تباہ کردیئے تھے۔ وزیر ریلویز نے کہا کہ سبی ہرنائی سیکشن کی بحالی ریلوے کی طرف سے قوم کے لیے ایک بڑا تحفہ ہوگی۔