شی جن پنگ دوسری مدت کیلئے چین کے صدر اور مرکزی فوجی کمشن کے چیئرمین منتخب
بیجنگ (آ ئی این پی ) چین کے صدر شی جن پنگ دوسری مدت کیلئے صدر منتخب ، عہد ے کا حلف اٹھالیا،نیشنل پیپلز کانگرس کے تمام 2970ارکان نے صدر شی جن پنگ کے حق میں ووٹ دیا، وہ 2023 کے بعد بھی چین کے صدر رہیں گے۔ روسی صدر پیوٹن اور دیگر عالمی رہنمائوں نے منتخب چینی صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی ہے ۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق بیجنگ میں منعقدہ تیرہویں قومی عوامی کانگریس کے پہلے اجلاس کے پانچویں اجلاس کے دوران رائے شماری کے ذریعے متفقہ طور پر شی جن پنگ کو عوامی جمہوریہ چین کا صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کا چیرمین منتخب کر لیا گیا ہے، نیشنل پیپلز کانگرس کے تمام 2970ارکان نے صدر شی جن پنگ کے حق میں ووٹ دیا، وہ 2023 کے بعد بھی چین کے صدر رہیں گے۔ سی آر آئی کے مطابق اجلاس میں لی جان شو کو قومی عوامی کانگریس کی تیرہویں مجلس قائمہ کا چیرمین جبکہ وانگ چھی شان کو عوامی جمہوریہ چین کا نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ پانچویں کل رکنی اجلاس کے بعد صدر شی جن پنگ نے آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا۔ایسا پہلی بار ہے کہ کسی چینی صدر نے صدارتی عہدہ سنبھالتے وقت آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا ہے۔ لی جان شو اور وانگ چھِی شان نے بھی آئِین سے وفاداری کا حلف اٹھایا ۔ سی آر آئی کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ا یک تہنیتی پیغام میں چین کے صدر شی جن پنگ کو چین کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بطور صدر شی جن پنگ کے دوبارہ انتخاب سے عکاسی ہوتی ہے کہ انہیں نمایاں اعلی وقار حاصل ہے اور اس سے چین کی معاشی سماجی ترقی اور عالمی سطح پر چینی قوم کے مفادات کے تحفظ کے لئے شی کی جانب سے سر انجام دی جانے والی خدمات کی توثیق ہوئی ہے ۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ شی کی بھر پور کوششوں کی بدولت روس۔ چین تعلقات ایک نئی بلندی تک پہنچ گئے ہیں۔