نادرا کی جانب سے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی تردید
اسلام آباد(پ ر ) نادرا نے ایک اشتہار کے ذریعے عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ نادرا قومی ادارہ ہے جو پوری قوم کی خدمت اپنا اعزاز سمجھتا ہے۔ اور عوام سے کہا ہے کہ وہ بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں۔اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ نادرا پختون پاکستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے۔نادرا نے تمام پختون پاکستانیوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ایسی کوئی ہدایات نادرا کی جانب سے جاری نہیں کی گئیں ۔اور ان تمام افواہوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔نادرا ایک قومی ادارہ ہونے کی حیثیت سے تمام پاکستانی شہریوں کو بلاامتیاز رنگ ونسل ٗمذہب اور قومیت کمپیوٹرائزاڈ قومی شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات جاری کر رہا ہے۔نادرا نے متنبہ کیا ہے کہ بے بنیاد افواہیں پھیلانے والے شرپسند عناصر کے خلاف مکمل تحقیقات اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
نادرا/تردید