حکومت سے دودھ کی نہریں نہیں مانگی تھیں: پرویز رشید، فیصلہ عوام کرینگے: شوکت بسرا
لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام بھکاری نہیں ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت سے دودھ اور شہد کی نہریں نہیں مانگی تھیں۔ ان کا تو صرف یہ کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے وسائل، محنت جدوجہد سے جو کچھ بنایا ہے اور جسے بروئے کار لاکر وہ اپنے ملک کی معیشت اور خاندان کے معاملات بہتر سے بہتر بنا رہے ہیں وہ چلتا رہے مگر پیپلزپارٹی نے عوام کی محنت سے بنایا 20، 21ہزار میگاواٹ کا توانائی کا نظام بڑھانے کی بجائے گھٹا کر 8-7ہزار میگاواٹ پر پہنچا دیا۔ ملکی معیشت کا پہیہ ہی روک دیا۔ درحقیقت پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت حکومت چلانے کی اہل ہی ثابت نہیں ہوئی۔ دریں اثناءپیپلزپارٹی کے شوکت بسرا نے کہا ہے کہ 5سال عوام کی خدمت کی، توانائی کا بحران ورثے میں ملا تھا، نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں شوکت بسرا نے کہا کہ 5برسوں میں 34سومیگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا مگر جتنی کامیابی ملنی چاہئے تھی نہیں مل سکی۔ 5برس میں جو کچھ کیا اس کیلئے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، عوا کے پاس جا رہے ہیں، عوام کا فیصلہ ہمیشہ قبول کیا ہے، عوام نے مینڈیٹ نہ دیا تو اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔