ارشد ندیم فن لینڈ کے ایونٹس سے باہر

اولمپیئن جیولین تھرور ارشد ندیم انجری اور ویزہ مسائل کے باعث فن لینڈ میں ہونے والے ایونٹس میں شرکت نہیں کریں گے۔ارشد ندیم لاہور میں ٹریننگ کے دوران ٹانگ کی تکلیف کاشکار ہو گئے تھے تاہم پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ فٹنس عدم شرکت کا سبب نہیں بلکہ وقت کی کمی کی وجہ سے موسم سے ہم آہنگ نہ ہونا مسئلہ تھا۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ ارشد ندیم فن لینڈ میں ہونے والے ایونٹس میں شرکت نہیں کریں گے۔فیڈریشن کے سیکرٹری شاہ جہاں کے مطابق ارشد ندیم کو اولمپکس سے قبل انجریز سے محفوظ رکھنے کے لیے پلان ترتیب دیا ہے، جولائی میں ارشد ندیم پیرس میں ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کریں گے، اس طرح پیرس اولمپکس سے قبل ارشد ندیم کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کے ایونٹس کے لیے ویزہ تاخیر سے ملاجس کی وجہ سے وقت بہت کم تھا، عید کی تعطیلات کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا تھا اور اس کی وجہ سے فن لینڈ میں ارشد ندیم کے لیے موسم سے ہم آہنگ ہونے کا موقع بھی نہیں تھا۔شاہ جہاں نے کہا کہ لاہور کے گرم موسم میں ٹریننگ کی وجہ سے ارشد ندیم کو فٹنس مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن  فٹنس ایونٹس میں عدم شرکت کا سبب نہیں ہے، اصل مقصد ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس کے لیے فٹ رکھنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم کو لاہور میں ٹریننگ کے دوران پنڈلی میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا  جس کی وجہ سے اب ارشد ندیم احتیاطی طور پر چند روز آرام کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن