گوجرانوالہ:گیپکو سٹورز میں ٹرانسفارمرز کی قلت،نجی کمپنیوںنے بھی قیمتیں بڑھادیں
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گیپکو کے سٹورز میں ٹرانسفارمرز کی مبینہ قلت کے پیش نظر صارفین کو پرائیویٹ خریداری کے این او سی ملنے پر نجی کمپنیوں نے بھی ٹرانسفارمرز کی قیمتوں میںاضافہ کردیا جبکہ دوسری جانب کنکشن حصول کے خواہاں صارفین نے گیپکو کی جانب سے جاری ڈیمانڈ نوٹسز کی ادائیگیاں روک لی ہیں اور ادائیگیاں کرکے کئی کئی ماہ سے کنکشن لگنے کیلئے قطارمیں لگے صارفین اپنی رقوم کی واپسی کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ کنکشن کے حصول میں ناکام رہنے والوں کی چہ مگوئیاں بھی زور پکڑ گئی ہیں جن کا خیال ہے کہ گیپکو کی طرف سے جان بوجھ کر ٹرانسفارمر نہیں منگوائے گئے اور مبینہ طور پر طے کردہ خودساختہ سکیم کے تحت پرائیویٹ کمپنیوں کو این او سی دیئے گئے ہیں جبکہ اسی ملی بھگت کے باعث نجی کمپنیوں نے بھی اپنے ٹرانسفارمر کی قیمتیں بڑھادی ہیں جو کہ صارفین اور قومی ادارے کیلئے مالی نقصان کا پیش خیمہ ہے۔