فرنٹ لائن ورکرز کیلئے بھرپور ستائش
جس دن سے کورونا کی وباء نے ہمارے ملک میں پنجے گاڑھے ہیں ، فرنٹ لائن ورکرز کو سمجھنے کے ہمارے طریقے میں اچانک تبدیلی رونما ہوئی۔ یہ لوگ ہمارے اصل ہیروز بن کر سامنے آئے ہیں۔ پولیس افسران اب بھی سڑکوں اور رش والے علاقوں میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور عوام سے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی درخواست کرتے نظر آتے ہیں۔ ہم نے اس بات کا بھی مشاہدہ کیا کہ کیسے ہمارے طبی ماہرین اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے کئی کئی گھنٹے مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔یہ نہ بھولیں کورونا وبا کے دوران ہم نے تسلسل کے ساتھ انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی سروسز سے بھر پور فائدہ اٹھایا جس پر ہم ہمارے ٹیلی کام سیکٹر کے شکر گزار ہیں۔ہم نے پی ٹی سی ایل کے فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا وباء کے دوران ان مشکل حالات میں چھوٹے قصبوں سے لے کر بڑے شہروں تک صارفین کی شکایات کا ازالہ کرتے اور قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے دیکھا ہے۔ٹیلی کام سیکٹر اس بات کو یقینی بنارہا ہے کہ ان کے فرنٹ لائن ورکرزمحفوظ رہیں اور انہیں پرسنل پروٹیکٹو گیئر فراہم کرکے صارفین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔پھر بھی ایسا لگتا ہے کہ کسی چیز کی کمی ہے اور ہمیں لفظوں سے بڑھ کر ہمارے فرنٹ لائن ورکرز کیلئے کچھ اور کرنا چاہیئے۔ ہمیں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز کی حوصلہ افزائی اور ستائش کیلئے ٹھوس کام کرنا چاہیئے۔ اداروں اور حکومتوں کو ان فرنٹ لائن ورکرز کیلئے انعام کے اعلان کرنا چاہیئے اور ان کی خدمت کا اعتراف کرنا چاہیئے۔ کومل قاسم وقاص۔کراچی