حکومت کی ناکامیوں نے ووٹ دینے اور دلوانے والوں کو مایوس کر دیا ،قمرالاسلام راجہ
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)مسلم لیگ ن پنجاب کے نائب صدر انجینئر قمرالاسلام راجہ نے کہا ہے کہ ہمیں اقتدار حاصل کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے لیکن اگر موجودہ حکومت اپنی ہٹ دھرمیوں اور نالائقیوں پر بضد رہی تو ہم اسے قدرت کا انعام سمجھ کر بخوشی قبول کریں گے وہ یونین کونسل موہری غزن میں غفار خان بھٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ حکومت کی پے در پے ناکامیوں نے اسے ووٹ دینے اور دلوانے والوں کو مایوس کر دیا ہے مگر ہم تبدیلی کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانے والوں کو مزید مہلت دیناچاہتے ہیں تا کہ وہ اپنے تمام جن نکال لیں۔ یونین کونسل موہری غز ن میں مسلم لیگ ن ایوانوں سے نکل کر عوام میں آگئی ہے اور اس یوسی سے شروع ہونے والا یہ عمل پورے حلقے میں دہرایا جائے گا۔ آمدہ بلدیاتی الیکشن کے لئے غفار خان بھٹی کی نامزدگی کا اعلان کیا۔