ایف الیون ون اور ٹو کی سروس روڈ پرغیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی
اسلام آباد (وقائع نگار) انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے سیکٹر ایف الیون ون اور ایف الیون ٹو کی سروس روڈ پر کاروائی عمل میں لا کر متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ اس آپریشن کے دوران غیر قانونی قابضین سے پچاس کنال اراضی واگزار کروا لی گئی۔ سوموار کے روز کیے گئے اس آپریشن میںسیکٹر ایف الیون کے لیے ایکوائر شدہ اراضی پر تعمیر کردہ چھ غیر قانونی بلاک فیکٹریز ، اٹھارہ دفاتر ، تین عدد کیبن ، آٹھ عدد سامان کے ڈپو، چار کنٹینرز اور چار عدد چھپر ہوٹل کو مسمار کر دیا گیا۔اسی طرح ایک اور کاروائی سیکٹر ایف ایٹ ٹو کی سٹریٹ نمبر20 میں عمل میںلائی گئی جس کے دوران پارک کی اراضی پر تجاوز کر کے تعمیر کردہ ایک دیوار ،شیڈ اور داخلی گیٹ کو مسمار کر دیا گیا۔ اسی طرح ملپور کے علاقے میں بھی ایک کاروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران سات عدد غیر قانونی جانوروں کے باڑے، پندرہ عدد کمرے، آٹھ چار دیواریاں اور دیگر متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔