چینی لبریشن آرمی کمانڈر کی ملاقات، سی پیک کیلئے سکیورٹی یقینی بنائیں گے: جنرل باجوہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی لبریشن آرمی کے کمانڈر نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل ہان وائیگو نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابی کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی پیک کی سکیورٹی یقینی بنانے، غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرایا۔ کمانڈر پیپلز لبریشن آرمی کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیا گیا۔ چینی کمانڈر نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان میں اپنے قیام کی مدت ختم ہونے پر الوداعی ملاقات کی۔