ڈالر انٹر بنک میں مزید 1.12 روپے مہنگا 156.96 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
لاہور (کامرس رپورٹر) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور انٹر بینک میں ڈالر مزید ایک روپے بارہ پیسے مہنگا ہو کر 156 روپے 96 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ہفتے کے پہلے روز انٹربینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی ڈالر کو پر لگ گئے ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قیمت 157 روپے سے بھی تجاوز کر گئی تاہم سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک روپے 12 پیسے کے اضافے سے 156 روپے 96 پیسے رہی جو ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح ہے انٹر بینک مارکیٹ میں یورو بھی 43 پیسے مہنگا ہو کر 176 روپے 4 پیسے اور برطانوی پاونڈ 50 پیسے مہنگا ہو کر 197 روپے 53 پیسے کا ہو گیا۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری اوقات کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 50 پیسے کی کمی سے 157 روپے رہ گئی برطانوی پاونڈ 2 روپے سستا ہو کر 198 روپے کا ہو گیا تاہم یورو کی قیمت فروخت ایک روپے کے اضافے سے 177 روپے ہو گئی۔