پولیوسے نجات کیلئے قومی جدوجہد کی ضرورت ہے: حنیف طیب
کراچی ( نیوزرپورٹر)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ ،پولیوکے خاتمے کے لئے روٹری علماء کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ پولیوکے مرض سے نجات حاصل کرنے کے لئے قومی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ 57اسلامی ممالک میں سے 55اسلامی ملکوں میں اسی پولیوکے قطرے پلانے سے پولیوکا خاتمہ ممکن ہوسکا۔صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیوکے وائرس موجودہیں۔ امیدہے کہ مسلسل کوششوں سے پاکستان سمیت دنیا بھرسے پولیوکاخاتمہ ہوجائے گا۔انہوںنے کہاکہ پولیو کی مہم کو ناکام بنانے کے لئے جو منفی پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے ،اس کو سامنے رکھتے ہوئے 5-6جون 2013کوانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آبادمیںکنونشن منعقدہوا۔جس میں علماء ومشائخ، اسکالرز، ڈاکٹرز، سائنٹسٹ نے شرکت کی۔ متفقہ رائے سے اعلان اسلام آبادپردستخط ہوئے اور پولیومہم کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کا بھر پو رجواب دیا گیااور اس کی اہمیت اور افادیت کو سب سے منوالیاگیاہے، آج مشترکہ جدوجہد کے ذریعے دنیا پولیو سے نجات پانے کے قریب ہے۔انہوںنے اپیل کی پولیومہم کو کامیاب بنانے کے لئے،علماء ومشائخ ،اساتذہ ،طالب علم، وکلاء سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حضرات عوام میں پولیومہم کے حوالے سے شعوربیدارکریں۔