متحدہ اپوزیشن وفاق کے خلاف جلد عوامی رابطہ مہم شروع کریگی: سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے صدر اوروزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن ملک میں مہنگائی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ، 2019-20 کے عوام دشمن بجٹ اور صوبے میں نیب گردی کے خلاف کے خلاف کراچی کے تمام سٹی ایریاز اور ضلع کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے کرے گی جبکہ 23 جون کو پیپلز چورنگی تا کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی اور جولائی میں کراچی میں احتجاجی جلسہ عام کا انعقاد کررہی ہے، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر پارٹی قائدین خطاب کریں گے۔ نیب اس وقت حکومت کا آلہ کار بنی ہوئی ہے اور وہ حکومتی ایماء پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتیں جلد ہی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گی، جس کے بعد عمران نیازی اور ان کے حواری اس ملک سے بھاگنے میں ہی اپنی عافیت محسوس کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، سردار خان، آصف خان، صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ، لیاقت آسکانی، ظفر صدیقی، خلیل ہوت، شمشاد قریشی اور دیگر کراچی ڈویڑن کے رہنماء بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ادویات، پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس کی نرخوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ وفاقی بجٹ میں عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے اور عوام کی روزمرہ کی ضروریات کی اشیاء جس میں چینی، گھی، تیل، سبزیاں، گوشت، مرغی اور مچھلی حتیٰ کہ دالیں تک بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہ ہم حالیہ وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دے چکیں ہیں اور ہم کسی صورت اس بجٹ کو منظور نہیں ہونے دیں گے۔ سعید غنی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایات پر ملک بھر میں موجودہ مہنگائی اور حکومتی معاشی دہشتگردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کردئیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے بھی تمام سٹی ایریاز، ضلعی سطح اور ڈویڑن کی سطح پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں کراچی ڈویڑن اور ضلعی ڈویڑن کے ممبران شامل ہیں۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کے 44 سٹی ایریاز اور 6 اضلاع میں یعنی 50 روز تک روزانہ ایک مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ 23 جون بروز اتوار سہ پہر 3.00 بجے کو پیپلز سیکرٹریٹ تا کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ اس کے علاوہ جولائی میں کراچی کے کسی بھی ضلع میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویڑن کے تحت احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور رہنمائ خطاب کریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشہ 2 سے 3 برس کے درمیان کراچی میں جتنی بھی سیاسی جماعتوں نے جلسہ منعقد کئے ہیں ہمیشہ پیپلز پارٹی کے جلوسوں نے انہیں مات دی ہے اور اب بھی میں ان تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ جولائی میں ہمارے جلسہ سے قبل یا بعد اپنے جلسے رکھ لیں انشاء اللہ کراچی کے غیور عوام ثابت کردیں گے کہ اب کراچی صرف اور صرف بھٹو اور شہید بی بی اور اس کے بیٹے اور ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو کا ہی ہے۔