ضرورت کے مطابق بجلی کی پیداوار کی صلاحیت موجود ہے، اکرام سہگل
کراچی(سٹی نیوز)چیئرمین کے الیکٹرک اکرام سہگل نے کہا ہے کہ کراچی کی ضرورت کے مطابق بجلی کی پیداوار کی صلاحیت موجود ہے لیکن عوام تک جس نظام سے یہ پہنچائی جاتی ہے اس میں نقائص ہیں۔خصوصی انٹرویوکے دوران انہوں نے بتایا کہ کراچی میں پہلے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر فسادات ہوتے تھے لیکن اس بار پہلی دفعہ ایک احتجاج بھی نہیں ہوا کیونکہ اب لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی بلکہ بریک ڈائون ہوتے ہیں اور اس کی وجہ تقسیم کا یہ بوسیدہ نظام ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے ان مسائل کی وجہ سے 11 فیصد لوگ متاثر ہوتے ہیں اگر سرمایہ کاری کی جائے تو یہ حل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی خریداری میں شنگھائی الیکٹرک خصوصی دلچسپی رکھتی ہے لیکن جب تک ٹیرف اور اکائونٹس کے معاملات ٹھیک نہ ہوں بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔اکرام سہگل نے کہا کہ ابراج جیسے اداروں کا کاروبار ہی یہی ہے کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی ذمہ داری لیتے ہیں اور جب وہ منافع کمانے لگ جائیں تو انہیں فروخت کردیا جاتا ہے۔ اس فنڈ میں صرف عارف نقوی کے نہیں بلکہ کئی لوگوں کی سرمایہ کاری ہے۔چیئرمین کے الیکٹرک نے کہا کہ عارف نقوی کی ضمانت کے لیے 15 ملین پائونڈ دیئے گئے جو برطانیہ کی تاریخ میں سب سے بڑی رقم تھی۔ انہوں نے مقدمات کا دبائو اور اثر کسی بھی طرح کے الیکٹراک پر نہیں آنے دیا۔نئے پلانٹس لگانے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ ایسا طلب کی وجہ سے ہو رہا ہے، صعنتی زونز بن رہے ہیں جن کی ضروریات پوری کرنے کے یہ لگائے جا رہے ہیں، چین بھی اسی لیے 700 میگا واٹ کا پلانٹ لگا رہا ہے کہ اس کی ضرورت ہے۔اکرام سہگل نے کہا کہ ہمارے پاس ابھی بھی بجلی کی پیداوار کم ہے، ہم نے وزیراعظم سے درخواست کرکے 150 میگاواٹ بجلی لی ہے۔