7 روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح‘ کمشنر کراچی نے قطرے پلائے
کراچی ( نیوزرپورٹر) کمشنرکراچی افتخار شالوانی نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔ مہم 23 جون تک جاری رہے گی۔ جس میں پندرہ لاکھ سے زاید بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 105 یونین کونسلوں میں بیک وقت شروع کی جانے والی اس مہم کیلئے سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں مہم میں سات ہزار سے زائد پولیو ورکرز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ مذہبی رہنمائوں اور کمیونٹی کے لوگوں کا تعاون حاصل ہے انھوں نے مفتی کبیر مینگل اورمفتی حافظ الرحمن کا بھی ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ کمشنر نے والدین اور کمیونٹی کے رہنماؤں سے بھی اپیل کی کہ وہ تعاون کریں اوراپنے پانچ سال تک کے بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلائیں کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو قومی مقصد ہے اس سے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے ملک کو پولیو سے پاک کر نے تک یہ کوششیں جاری رہیں گی۔کمشنر نے کہا رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کوشش کی جارہی ہے ہم تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ جلد از جلد حاصل کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔