امریکی ڈالر کی قدر مستحکم، یورو کی قدر میں کمی‘ برطانوی پاﺅنڈ کی قدر میں اضافہ
کراچی (اے پی پی) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں استحکام رہا جبکہ یورپین ممالک کی اہم کرنسی یورو کی قدر میں مندی ریکارڈ کی گئی تاہم برطانوی پاﺅنڈ کی قدر میں تیزی کا رجحان رہا۔ پیر کو امریکی ڈالر گذشتہ کاروباری روز کی قدر پر مستحکم رہا جبکہ یورو کی قدر میں 27 پیسے کی کمی رونماءہوئی تاہم برطانوی پاﺅنڈ کی قدر میں سنگل پیسے کا اضافہ ہوگیا۔ نیشنل بینک آف پاکستان سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر گذشتہ کاروباری روز کی قیمت فروخت 99.38 روپے پر مستحکم رہا تاہم اس کی قیمت خرید 97.02 روپے سے بڑھ کر 97.10 روپے ہوگئی۔ دریں اثناءیورو کی قیمت فروخت 132.68 روپے سے کم ہو کر 132.41 روپے اور قیمت خرید 129.52 روپے سے کم ہو کر 129.39 روپے پر بند ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانوی پاﺅنڈ کی قیمت فروخت 156.04 روپے سے بڑھ کر 156.05 روپے اور قیمت خرید 152.32 روپے سے بڑھ کر 152.47 روپے ہوگئی۔ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ خلیجی ممالک کی اہم کرنسی سعودی ریال گذشتہ کاروباری روز کی قیمت فروخت 26.50 روپے پر مستحکم رہا جبکہ اس کی قیمت خرید 25.86 روپے سے کم ہو کر 25.85 روپے ہوگئی۔