فیفا ورلڈ کپ میں آج بھی تین میچ کھیلے جاٰئیں گے، ٹورنامنٹ فیورٹ جرمنی کا مقابلہ سربیا، امریکہ کا مقابلہ سلووینیا اور انگلینڈ کا مقابلہ الجزائر سے ہو گا
فیفا عالمی کپ کے نویں روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں سابق عالمی چیمپئن جرمنی کی ٹیم سربیا کے مدمقابل ہو گی۔ پورٹ ایلزبتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم ماہرین جرمنی کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ گروپ ڈی میں جرمنی کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو چار صفر سے شکست دے چکی ہے۔ آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں گروپ سی میں سرفہرست سلووینیا کا مقابلہ امریکہ سے ہو گا۔ سلووینیا کی ٹیم آج کے میچ میں کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے میں جگہ بنا سکتی ہے۔ عالمی کپ کے نویں روز کھیلے جانے والے تیسرے اہم میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کیپ ٹاؤن میں الجزائر کے مدمقابل ہو گی۔ انگلش ٹیم کو اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کے لیے آج کے میچ میں ہر صورت میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی