پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے.وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز لاہور میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے افسوس ظاہر کیا کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کیلئے مناسب فنڈز مختص نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ مالیاتی کمیشن کے قیام کے بغیر علاقے کی حقیقی معنوں میں ترقی ممکن نہیں۔
عمران خان نے کہا کہ گریٹر تھل کینال کے توسیعی منصوبے پر کام شروع کیا جارہا ہے جس سے جنوبی پنجاب کے پانچ ضلع سیراب ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوششیں جاری ہیں۔
اس سے پہلے پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے صوبے میں ترقی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے قومی اور پنجاب اسمبلی کے ارکان نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں اپنے حلقوں کے مسائل کے بارے میں بتایا۔وزیراعظم نے اس موقع پر ان کے جائز مسائل حل کرنے اور تمام ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔