جہلم میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا

جہلم میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا۔ جہلم کے گائوں اتھرمیں چار سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ عدن فاطمہ میں پولیو وائرس کا انکشاف اس وقت ہوا جب بچی کے والدین نے لاہور سے اس کے ٹیسٹ کروائے۔ پولیو سے عدن فاطمہ کی بائیں ٹانگ متاثر ہوئی کورس مکمل ہونے کے باوجود وائرس نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیئے۔محکمہ صحت جہلم کے سی ای او ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ بچی کے والدین کا تعلق جہلم سے ہے مگر اب وہ روزگار کے سلسلے میں سرگودھا کے علاقے بھیرا میں رہائش پذیر ہیں۔ متاثرہ بچی کی پیدائش اور پولیو سے بچائو کا کورس بھی سرگودھا میں ہوا ۔ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے پولیو سے متاثرہ بچی کے گائو ں کا دورہ کیا ۔بچی کے والدین کی غلط بیانی کی وجہ سے اسکو جہلم کا ریپڈ نمبر دیا گیا۔سی ای او ہیلتھ نے مزید کہا کہ بچی کو پولیو کے ساتھ ساتھ دماغ کا فالج بھی ہوا ہے مکمل رپورٹس آنے کے بعد حتمی نتیجے پر پہنچیں گے۔ متاثرہ بچی کو مزید ٹیسٹوں کے لیے لاہور منتقل کر دیا گیا ۔