داعش،آر ایس ایس اوربجرنگ دل دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتی ہیں،سردار مسعود
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ داعش ، راشٹریہ سیوک سنگ ،بجرنگ دل اور دیگر شدت پسند قوتیں دنیا کا امن تباہ کرنا اور اس کا الزام مسلمانوںپر لگانا چاہتی ہیں۔ان قوتوںکا گٹھ جوڑ کشمیر میں بیگناہ مسلمانوں کا خون بہا رہا ہے خواتین کی عزتیں پامال کی جارہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹر رحمان ملک کی کتاب ’’داعش رائزنگ مونسٹر‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ یہ کتاب بہترین وقت پر آئی ہے کیونکہ داعش کو مسلم دنیا سے منسلک کیا جاتا ہے جبکہ داعش کا اسلام سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، داعش اور آر ایس ایس کے تعلق موجود ہے جو مسلمانوں کو ٹارگٹ کرتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد آر ایس ایس، بی جے پی اور بھارت سرکار ہے، اب وہ داعش کو وہاں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کشمیری عوام کی تحریک پر امن ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ا نہیں آزادی سے نہیں روک سکتی،سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اگر داعش کو کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ مستقبل میں طالبان سے بھی بڑا خطرہ بن کر سامنے آئے گا۔ تقریب سے ایران میں پاکستان کے سابق سفیر آصف درانی، میجرل جنرل (ر) خالد جاوید جعفری،سابق سیکرٹری داخلہ کمال شاہ، طاہر خلیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔