سی ڈی اے نے عدالتی حکم نامہ ردی کا ٹکڑا سمجھتے ہوئے آپریشن کیا، جمیل عباسی
اسلام آباد (وقائع نگار) مارکی ایسوسی ایشن کے ممبر جمیل عباسی نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روزبنی گالہ میں سی ڈی اے نے عدالتی حکم نامے کو ردی کا ٹکڑا سمجھتے ہوئے آپریشن کیا،انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے ڈگری ہونے کے باوجود سی ڈی اے نے ہمارا60 لاکھ روپے کا نقصان کیا، سی ڈی اے کو عدالتی ڈگری کے بارے میں آگاہ کیا تو متعلقہ افسران نے عدالتی حکم نامے کو رد کردیا، انہوں نے کہا کہ ہم ایک عشرے سے بنی گالہ میں رہائش پذیر ہیں پچھلی حکومت میں بھی میری مارکی کو نشانہ بنایا گیا، حکم امتناہی ہونے کے باوجود مارکی گرا دی گئی، اسی طرح کیس ڈگری ہو گیا چار نشاندہیاں میرے حق میں ہوئیں، بنی گالہ میں بہت سے بڑی شخصیات کے غیر قانونی گھر ہیں ان کیخلاف کاروائی نہیں کی گئی، ذمہ داران سے سوال کرتے ہیں کہ یہ کیسا انصاف ہے، ریاست مدینہ میں کیا ایسا ہوتا ہے کہ غریب کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے اور تمام تر ہمدردیاں امیر کے ساتھ ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران وہ ہوتا ہے جس پر تنقید نہ کی جائے، جب سے تحریک انصاف اقتدار میں آئی ہے مارکیوں کے خلاف آپریشنز کر کے دس ہزار لوگوں کو بے روزگار کیا جا چکا ہے، انہوں نے کہا کہ کل اس حوالے سے میٹنگ کی جائے گی اور میٹنگ میں فیصلہ کیا جائے گا کہ جمعتہ المبارک سے بنی گالہ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔