اسلام جارحیت کی مذمت، عدل و انصاف کے قیام کا درس دیتا ہے،مظہرعلی شاہ
اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی نائب صدرسیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اسلام جارحیت کو کنڈم اور انسانیت کی توہین کی مذمت کرتا ہے،دہشت گردی کیخلاف آپریشن ردالفسادکومنظقی انجام تک پہنچانے کیلئے پوری قوم کویک جان دوقالب بنناہوگا،حکمرانوں کوخلوص نیت کیساتھ عملی اقدامات کرنے ہوں گے ، ملک میں پائیدارامن کے قیام کیلئے کالعدم گروپوں کو قومی ایکشن پلان کے تحت آہنی شکنجے میں جکڑاجائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو مختار آرگنائزیشن کے مرکزی صدرعلی فرقانی کی سرکردگی میں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ اسلام وہ عظیم ترین دین ہے جس نے احترام انسانیت سکھلایا ہے اور اسلام جس احترام ،عزت و حرمت اور عظمت کا قائل ہے۔انہوں نے یہ بات زو ر دے کر کہی کہ پاکستان قائم رہنے کیلئے بنا تھا اور یہ انشاء اللہ قائم رہے گا اور اسکے تمام باسی باہمی اتحاد و یگانگت اور اخوت و بھائی چارے کامظاہرہ کرتے ہوئے دشمنانِ دین و وطن کی تمام سازشوں کو ناکام و نامراد بنادیں گے ۔