نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں :شہزادہ ہیری
لندن(آئی این پی ) برطانوی شہزادہ پرنس ہیری پاکستان میں نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے حکومتی اقدامات کے معترف ہوگئے،پرنس ہیری نے کہا کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان سے پرنس ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ذریعے تعاون کیلئے تیار ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کی فراہمی میں مدد کرسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ ہیڈ کوارٹرز لندن میں یوتھ منسٹرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر وزراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار بھی موجود تھے۔کانفرنس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی فیصلوں کی زبردست پذیرائی ملی،شہزادہ پرنس ہیری نے نوجوانوں کی ترقی میں پاکستان کو تعاون کی پیشکش بھی کی۔پرنس ہیری کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، پاکستان سے پرنس ٹرسٹ انٹرنیشنل کے ذریعے تعاون کیلئے تیار ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کی فراہمی میں مدد کرسکتے ہیں۔پرنس ہیری کی خصوصی دعوت پر عثمان ڈار نے کانفرنس میں شرکت کی، اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں کو کامیاب بنانے سے متعلق حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔عثمان ڈار نے وزیراعظم کے ویژن اور کامیاب جوان پروگرام سمیت یوتھ پالیسی پر بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار نوجوانوں کی یوتھ پالیسی بنادی گئی ہے۔