پرنسپل پی جی ایم آئی کا جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی و دیگر شعبوں کا دورہ
لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ وامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر رانا محمد شفیق اور دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔پروفیسر محمد الفرید ظفر نے ڈیوٹی پر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مریضوں اور اْن کے لواحقین سے خندہ پیشانی سے پیش آئیں، مریض ہمارے لئے سب سے اہم اور اولین ترجیح ہیں اور رہیں گے۔پرنسپل نے ہدایت کی کہ کوئی بھی ملازم دوسری شفٹ کو چارج دیے بغیر نہ جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ کسی بھی حکومت کیلئے اولین ترجیح ہوتا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ہیلتھ سیکٹر کی اہمیت دو چند ہے،ہمیں ہر قیمت پر حکومت کے مریض دوست ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے جس کیلئے لاہور جنرل ہسپتال کے تمام شعبے دن رات محنت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بطور پرنسپل اْن کیلئے تمام سٹاف ممبران ایک جیسے ہیں اور اصل اہمیت کام اور صرف کام کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اْن کے دروازے جائز مسائل کے حل کیلئے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں اور وہ میرٹ کی پالیسی کو ہر صورت کامیاب بنائیں گے۔