انگلینڈ نے ورلڈکپ جیت لیا‘ اب کوئی نہیں چھین سکتا:ایشلے جائلز
لندن ( آن لائن ) آئی سی سی امپائرز کی غلطیوں پر پردہ ڈالنے لگی، اس کے مطابق ورلڈکپ فائنل میں قانون کے مطابق جو کیا وہ درست تھا۔ورلڈکپ فائنل میں بین سٹوکس کو اوور تھرو پر 5 کے بجائے 6 رنز دینے کا فیصلہ تنقید کا نشانہ بنا،سابق امپائر سائمن ٹوفل نے بھی قانون 19.8کا حوالہ دیتے ہوئے اس پر اعتراض اٹھایا،اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کرلی گئی۔گزشتہ روز ترجمان نے لب کشائی کرتے ہوئے کورا جواب دیا کہ آن فیلڈ امپائرز قوانین کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی فیصلے کرتے ہیں،ہم اپنی پالیسی کے مطابق فیصلوں پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔دوسری جانب انگلینڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ ایشلے جائلز نے امپائرز کی غلطی کے باعث فتح ملنے کا تاثر ہوا میں اڑا دیا،ان کا کہنا ہے کہ میچ میں اگر مگر اور اتار چڑھا ئو کی صورتحال کئی بار پیدا ہوئی۔