عالمی کپ کے متنازع فائنل پر آئی سی سی معافی مانگے، نسیم اشرف
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے سابق چیئرمین نسیم اشرف نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کرکٹ برادری سے عالمی کپ 2019کے متنازع اختتام پر معافی مانگے۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ آپ کیسے ایک ٹیم کو محض بائونڈریز کی تعداد کے قانون کی بنیاد پر عالمی چیمپئن بنا سکتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ یہ کوئی اسکول کا ٹورنامنٹ تو نہیں تھا، میرے خیال میں آئی سی سی کو عالمی کپ کی ٹرافی دونوں ٹیموں میں تقسیم کر دینی چاہیئے تھی۔ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو اس تنازع پر کرکٹ برادری سے معافی مانگنی چاہیئے۔دوسری جانب اس حوالے سے آئی سی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرکٹ کے میدان پر موجود امپائر کو کھیل کے قوانین کی تشریح کرنے کا اختیار حاصل ہے، پالیسی کے تحت آئی سی سی امپائر کے فیصلوں پر کوئی تبصرہ کرنے کا مجاز نہیں۔یاد رہے کہ عالمی کپ کے فائنل میچ میں ہونے والی اوور تھرو معمہ بن گئی اور اس کی وجہ سے دنیائے کرکٹ میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ۔امپائر کی جانب سے انگلینڈ کو آخری اوور میں چھ اسکور دیے گئے جس کے باعث نیوزی لینڈ میچ نہ جیت سکا اور میگا ایونٹ کا فائنل میچ ٹائی ہو گیا۔