ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخت لگانا ضروری ہے:محمد رضوان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے کہا ہے کہ انسانیت کی بہترین خدمت کیلئے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے درخت لگانا نہایت ضروری ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ کے مطابق ہر سال 5سال سے کم عمر کے 7لاکھ بچے فضائی آلودگی کے باعث زندگی کی نعمت سے محروم ہو جاتے ہیں جبکہ لاکھوں بچوں کی صحت پرسنگین منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیںکیونکہ آلودگی ان کے دماغ اور جسموں کے ارتقا میںرکاوٹ کا باعث بن رہی ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر محکمہ تحفظ ماحول صوبے بھر میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے متعدد اقدامات کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو صحت مند انہ ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ماحول کو آلودہ کرکے عوام کی جانوں کیساتھ کھیلنے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کا تحفظ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر شہری اپنا قومی فریضہ سمجھ کر اپنے حصے کا پودا لگا ئے اور مہم کو کامیاب بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانے کے فوائد کے بارے میں کمیونٹی موبلائزیشن اور آگاہی مہم شروع کی جائے اور پودے لگانے کے بعد انکی دیکھ بھال کا بھی موثر انتظام کیا جائے تاکہ پودے درخت بن کر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوں۔