مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا کئی اضلاع میں محاصرے، تلاشی آپریشن، نوجوان شہید
سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے سرینگر، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ اس دوران نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور گنڈبراٹھ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی شروع کر دی ۔سوپور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے جبکہ انتظامیہ نے قصبے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ۔ بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے ملنگ پورہ، اسلام آباد کے علاقے خرم سری گفوارہ جبکہ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کھٹانہ محلہ میں بھی تلاشی آپریشن شروع کر دیے ہیں۔بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوا ن کو گرفتار کر لیا ۔دریںاثنا ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک بھارتی فوج کا ایک اہلکار 35سالہ رامن دیپ سنگھ ایک گہری کھائی میں گرنے کے باعث ہلاک ہو گیا۔ قابض انتظامیہ نے جماعت اسلامی کے ممبر رہنما سابق جنرل سیکرٹری غلام قادر لون کو کالے قانون ’’پبلک سیفٹی ایکٹ‘‘(پی ایس اے) کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غلام قادر لون کو ہندواڑہ تھانے میں طلب کرنے کے بعد وہاں ان پر کالا قانون ’ پی ایس اے‘ لاگو کیا گیا جس کے بعدانہیں مٹن جیل میں منتقل کیا گیا۔ جماعت اسلامی نے ایک بیان میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتار ی کی تازہ لہر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ۔ یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے جماعت اسلامی مقبوضہ پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں لوگوںنے قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے علاقے کھو ر پٹن میں خواتین ، بچوں اور معمر افرادسمیت لوگوں کی ایک بڑی نے گھروں سے باہر آکر ماگام ہانجی ویرہ سڑک پر دھرنا دیا اور زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کھو ر اور اسکے ملحقہ علاقوں کے لوگ طویل عرصے سے پینے کے پانی سے محروم ہیں اور اس حوالے سے محکمہ پی ایچ ای کے حکام کو کئی بار آگاہ کیا گیا مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ ایک نالے کا پانی پینے پر مجبور ہیں جبکہ مویشی بھی اسی نالے سے اپنی پیاس بجھاتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ صاف پانی میسر نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگ مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں ۔