جھوٹے گواہوں کیخلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے:چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے جھوٹے گواہوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ۔15 جھوٹے گواہوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔سپریم کورٹ نے کوئٹہ رجسٹری سے ویڈیو لنک کے ذریعے کیس نمٹاتے ہوئے قتل کے ملزم عبدالناصر کی بریت کیخلاف اپیل مسترد کر دی،چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملزم کی سزا بڑھانے سے متعلق اپیل بھی مستردکردی ہے ، یاد رہے کہ مقتول عبدالصمد کے سوتیلے بیٹے عبدالرشید نے ملزم عبدالناصر کی بریت کیخلاف اپیل دائرکی تھی۔واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد ٹرائل کورٹ نے ملزم کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی تاہم بلوچستان ہائیکورٹ نے ملزم کو بری کردیا تھا،کیس کی سماعت ہوئی تو چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے فون کال پر جان سے مارنے کی دھمکی دی لیکن کال کا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیاجبکہ پولیس حراست میں ملزم سے اعترافی بیان لیا گیااور مقتول کا بیٹا ہی گواہ بن گیا،چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم نے جھوٹے گواہوں کیخلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے۔اس وقت مختلف اضلاع میں 15 جھوٹے گواہوں کیخلاف کارروائی چل رہی ہے۔