جھوٹ بے نقاب‘ بھارت کیلئے ایک اور 27 فروری’ اللہ نے پاکستان کو سرخرو کیا: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے عالمی عدالت انصاف میں پاکستان، اسکے عوام اور عدلیہ سرخرو ہو گئے ہیں۔ اٹارنی جنرل کی زیر قیادت قانونی ٹیم اور دفتر خارجہ نے شاندار کاکردگی دکھائی۔ بھارت نے عالمی عدالت انصاف میں پانچ نکات اٹھائے۔ پہلا یہ کہ پاکستان کی فوجی عدالت کے فیصلہ کو مسترد کیا جائے جسے عالمی عدالت نے تسلیم نہیں کیا۔ دوسرا مطالبہ بھی مسترد ہوا کہ فوجی عدالت کی سزا کو ختم کیا جائے۔ عالمی عدالت نے بھارت کا یہ مطالبہ بھی مسترد کر دیا کہ کلبھوشن کو رہا کر کے بھارت بھجوایا جائے۔ یہ فیصلہ پاکستان کی بہت بڑی جیت ہے۔ عدالت نے پاکستان کی صوابدید پر چھوڑ دیا کہ پاکستان کس طریقے سے اس فیصلہ پر نطر ثانی کرے گا۔ پاکستان کو اچھے فیصلہ کی امید تھی، عدالت نے پاکستان کے دلائل مانے۔ پاکستان نے کہا کہ یہ بھارتی شہری ہے، جاسوس ہے، جعلی پاسپورٹ پر سفر کیا، اور پاکستان نے کہا کہ اس کی سزا قانون کے مطابق، ان سب امور کو عدالت نے تسلیم کیا۔ پاکستان قانون کے تحت لائحہ عمل اختیار کرے گا۔ قونصلر رسائی نہ ہونے کے باوجود پاکستان نے کلبھوشن کی والدہ اور بیوی کی اس سے ملاقات کرائی۔ آئندہ جو بھی حکومت فیصلہ کرے گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔ آج کا دن بھارت کیلئے ایک اور ستائیس فروری ہے۔ انہیں ایک اور سرپرائز ملا۔ ان کے جھوٹ کے بیانیہ کو شکست ہوئی ہے۔ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان کے اندر بھارت ریاستی دہشت گردی کروا رہا ہے۔