سونے کا چمچ لیکر پیدا ہونیوالے جدوجہد نہیں صرف جعل سازی کر سکتے ہیں: فردوس عاشق
اسلام آباد (صباح نیوز/ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ منڈی بہاء الدین کی کارنر میٹنگ اور ورکرز کنونشنز کی ناکامی کے بعد بیگم صفدر اعوان جی ٹی روڈ ٹریفک کا سہارا لینا چاہتی ہیں۔ منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والے جدوجہد نہیں صرف جعل سازی کر سکتے ہیں۔ اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں، ان کی عوامی مقبولیت سے حسد اور بغض رکھنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے، اب نہ پٹواری ماتحت ہیں اور نہ ہی تھانیدار، انہیں یہی تکلیف کھائے جارہی ہے کہ قانون ان سے بالا ترکیسے ہوگیا، عوام نے لٹیروں کو مسترد کر کے وطن کی امانت اس قیادت کے سپرد کی جو پاکستان کو خوشحالی اور روشن مستقبل کی راہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عوام کا نہیں صرف اپنے اقتدار کی محرومی کا درد ہے۔ خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے والے نئے پاکستان میں پہلی دفعہ قانون کے یکساں اطلاق سے بے بس ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں اور عمران خان کی عوامی مقبولیت سے حسد اور بغض رکھنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے۔