انفرانسٹرکچر میں بہتری سے سیاحت کو فروغ دیا جا سکتا ہے: محمد زبیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن اور دلفریب نظاروں سے مالا مال ملک ہے جہاں پر ہزاروں تاریخی مقامات ،عمارات،سرسبز باغابات ،لہلاتے کھیت،دلفریب وادیاں، بلند ترین پہاڑی سلسلے ، دلکش جھیلیں ، آبشار ، ندی ، دریا اور سمندر سمیت قدرتی حسن کے دلفریب نظارے شامل ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سیاحتی مقامات کو غیر ملکی سیاحوں کیلئے مزید ترقی دی جائے تاکہ قومی آمدنی میں اضافہ ہو سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں اکتوبر میں ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی پاکستان ٹریول مارٹ(PTM) نمائش کے منتظمین و شرکاء سے مشاورتی اجلاس کرتے ہوئے کیا ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری کے باعث پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھرپور مواقع دستیاب ہیں ، ملک کے ہر علاقہ سے لوگ با الخصوص غیر ملکی سیاح سیر و تفریح کی غرض سے شمالی علاقہ جات جاتے ہیں ، سیاحتی مقامات کو شوکیس کرنے سے ہی قومی معیشت میں اضافہ ، روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی ممکن ہے ، قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ، رہائش ،خوراک اور بنیادی ضروریات کی فراہمی سے سیاحت کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالہ سے منعقدہ تین روزہ نمائش میں 20 ممالک سے افراد کی شرکت سے دنیا بھر میں پاکستان کی سیاحتی مقامات کو روشناس کرانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں رفیق احمد خان‘وقار علی خان با بر خان ‘ اسجد غنی‘ محمد علی ہمدانی ، افتخار ہمدانی اور حسیب گردیزی نے PTM-2018 نمائش کے اغراض و مقاصد اور مختلف پہلوئوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔اجلاس میں چین ، ملائیشیا ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے قونصل جنرل بھی موجود تھے ۔