پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع تجارتی تعلقات بڑھے ہیں: کینیڈین ہائی کمشنر
کراچی (سید شعیب شاہ رم) کراچی میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر جان کالڈروڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات میں عوام نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اظہار گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے سرمایہ کار پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں جھم پیر کا دورہ کرنے جا رہا ہوں جہاں ایک کینیڈین کمپنی نے ونڈ پاور پلانٹ کے منصوبے میں سرمایہ کاری کی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج آکر بہت خوشی ہوئی کیونکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا خطے میں بہت اہم کردار ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی یہاں بہت دلچسپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لئے یہ بات بھی قابل فخر ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رچرڈ مورن بھی کینیڈین شہری ہیں جو یہاں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے روایتی گانگ تقریب سے ٹریڈنگ کا آغاز کیا جبکہ ان کے ہمراہ پی ایس ایکس کے سی ای او رچرڈ مورن، پی ایس ایکس کے ڈائریکٹرز معین خدا، شہزاد چامڈیا، یو ہانگ اور ڈی ایم ڈی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیدار اور سفارتکار موجود تھے۔