ملکی تاریخ میں ڈالر کا 128 روپے ہونا بڑی زیادتی ہے:عاصم رضا
لاہور (این این آئی)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنما عاصم رضا اور سابق چیئرمین میاں ریاض احمد نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں ڈالر کا 128 روپے پر جانا پوری قوم کے ساتھ بڑی زیادتی ہے ، روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میںتاریخی اضافے کے باعث ملکی قرضوں میں بیٹھے بیٹھائے اربوں ڈالر کا اضافہ پاکستانی معیشت کو لے ڈوبے گا،یوں لگتا ہے جیسے نگران حکومت بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے پر تلی ہوئی ہے ،ڈالر کی اس قدر قیمت کو بڑھانے سے ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہو گا جس کے باعث نہ صرف غریبوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ جائے گی بلکہ جرائم کی شرح بھی حد سے زیادہ بڑھ جائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ڈالر کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے کے بعد ایسوسی ایشن آفس میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عاصم رضا نے کہاکہ نگران حکومت کے سیٹ اپ میں ملکی تاریخ میں ڈالر کو بلند ترین مقام پر کھڑ ا کر دیا ہے۔